بے نظیر کفالت پروگرام حکومتِ پاکستان کا بے نظیر انکم سپورٹ پرگرام سے متصل  ایک فلاحی پروگرام ہے جس کے تحت مستحق افراد کو غیر مشروط طور پر نقد رقم فراہم کی جاتی ہے۔ اِس پروگرام کے تحت پاکستان کے تمام اضلاع میں غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والی خواتین اور خواجہ سرا افراد کو سہ ماہی 10500 روپے کا وظیفہ فراہم کیا جاتا ہے۔

رقم کی تقسیم بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے اے ٹی ایم، ملک بھر میں منتخب کردہ دکانوں اور شراکت دار بینکوں کی مخصوص کیمپ سائٹس کے ذریعے کی جاتی ہے۔ بینک الفلاح بے نظیر کفالت پروگرام کا شراکت دار بینک ہے جو آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواہ کے لئے ادائیگیاں فراہم کرتا ہے۔ جبکہ حبیب بینک بلوچستان، اسلام آباد، پنجاب اور سندھ کے لئے نامزد بینک ہے۔

Benazir Kafalat Urdu.png

اس مضومون میں ہم بے نظیر کفالت پروگرام میں اہلیت اور رجسٹریشن کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کریں گے۔

 

بے نظیر کفالت پروگرام میں اہلیت کے لیے معلومات کہاں سے حاصل کی جاسکتی ہے؟

پاکستان بھر میں رہائش پذیر وہ خاندان - جن نے نیشنل سوشیو اکنامک رجسٹری میں اندراج کے لیے کی جانے والے گذشتہ سروے میں حصہ لیا ہے اور ان کے گھرانے کا سکور 32 درجے سے کم ہے – بے نظیر کفالت پروگرام کے لیے اہل ہیں۔ سروے ہوئے خاندان پروگرام کے لیے اپنی اہلیت کے حوالے سے معلومات آن-لائن 8171 ویب پورٹل پر اپنا شناختی کارڈ نمبر درج کرکے حاصل کرسکتے ہیں۔

پروگرام میں اہلیت کی صورت میں خاتون خانہ جو کہ شادی شدہ، طلاق یافتہ یا بیوہ ہو بے نظیرکفالت کی رقم حاصل کرسکتی ہے۔

بے نظیر کفالت پروگرام کے لیے کون اہل نہیں؟

بے نظیر کفالت پروگرام کے لئے صرف مستحق افراد اہل ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ درج ذیل افراد پروگرام کے لئے اہل نہیں ہیں

  • وہ لوگ جو فائلر ہیں۔ یعنی اُن کی آمدنی ایک مقررہ سطح سے زیادہ ہے، جس کی وجہ سے اُن پر ٹیکس کی ادائیگی لازم ہے۔
  • وہ افراد جو گاڑی کے مالک ہیں۔
  • سرکاری ملازمین اور اِن کے شریک حیات۔
  • وہ افراد جو کہ بیرون ملک سفر کرچکے ہوں۔

وہ خاندان جو کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ نہیں بے نظیر کفالت پروگرام میں کیسے حصہ لے سکتے ہیں؟

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ان خاندانوں کا جو پروگرام میں رجسٹر نہیں کا ڈائنامک سروے کررہا ہے تاکہ ان کا اندارج نیشنل سوشیو اکنامک رجسٹری میں کیا جاسکے۔ یہ سروے ملک بھر میں بے نظیر تحصیل دفاتر پر کیا جارہا ہے۔ وہ خاندان جن کا پروگرام میں اندراج نہیں ہوا[ یا وہ اپنی درج شدہ معلومات میں تجدید کے خواہاں ہیں ] اپنے قریبی بے نظیر تحصیل دفتر پر جا کر اپنے گھرانے کا اندراج کرواسکتے ہیں۔

بے نظیر ڈائنامک سروے میں کون حصہ لے سکتا ہے؟

بے نظیر ڈائنامک سروے میں وہ گھرانے حصہ لے سکتے ہیں،

  • جن کا پہلے سروے نہیں ہوا،
  • جن نے اپنی پچھلی فراہم کردہ معلومات میں تجدید کروانی ہے،
  • جن کا پچھلا سروے دو سال قبل ہوا تھا۔

بے نظیر ڈائنامک سروے  میں حصہ لینے کے لیے کون سی دستاویزات درکار ہیں؟

ڈائنامک سروے میں حصہ لینے کے لیے آپ کو درج ذیل دستاویزات رجسٹریشن سنٹر پر پیش کرنےہوں گے،

  • نادرا سے جاری شدہ شناختی کارڈ ،
  • نادرا سے جاری شدہ بچوں کا ب-فارم
  • بجلی یا گیس کا بل ، اگر آپ کے گھر میں بجلی یا گیس کا کنکشن ہے [بل پیش کرنا لازمی نہیں لیکن اگر آپ  پیش کرلیں تو بہتر ہے]

نوٹ: براہ مہربانی سروے کے دوران اپنی صحیح اور مکمل معلومات فراہم کریں۔  سروے کے دوران غلط یا ادھوری معلومات فراہم کرنے کی صورت میں آپ کو مستقل طور پر پروگرام سے نا اہل کیا جاسکتا ہے۔

ڈائنامک سروے میں رجسٹریشن کا طریقہ کار کیا ہے؟

ڈائنامک سروے میں رجسٹریشن کا طریقہ کار درج ذیل ہے،

  • اپنے قریبی بے نظیر رجسٹریشن سنٹر پر تشریف لے جائیں،
  • سنٹر پر ڈائنامک سروے کا رجسٹریشن ڈیسک ڈھونڈئیں اور قطار میں کھڑے ہوجائیں،
  • اپنے باری آنے پر اپنا شناختی کارڈ اور بچوں کا ب-فارم ڈیسک پر موجود پروگرام کے نمائندے کو پیش کریں،
  • پروگرام کا نمائندہ آپ کو ' نئے سروے' یا 'تجدیدی سروے' کا ٹوکن جاری کرے گا،
  • ٹوکن ملنے پر آپ کی انتظار گاہ کی طرف رہنمائی کردی جائے گی۔ انتظار گاہ میں 'رجسٹریشن روم' میں اندر جانے کے لیے اپنی باری کا انتظار کریں،
  • جب آپ کا نمبر بلایا جائے تو رجسٹریشن روم میں چلے جائیں،
  • رجسٹریشن روم میں موجود 'ڈیٹا انٹری آپریٹر' آپ سے آپ کی سماجی اور اقتصادی حالات کے حوالے سے سوال پوچھے گا اور کمپیوٹر پر ایک فارم پر کرے گا،
  • فارم پر ہونے کے بعد آپ کے انگھوٹے کا نشان لیا جائے گا تاکہ سند کیا جاسکے کہ آپ نے جو معلومات فراہم کی ہے وہ درست ہیں،
  • سروے مکمل ہونے پر آپ کو ایک ٹوکن جاری کیا جائے گا اور سروے میں شرکت کے سند کے طور پر آپ کو 8171 سے ایک پیغام بھی موصول ہوگا ۔

ڈائنامک سروے میں حصہ لینے والے گھرانوں کو اپنی اہلیت کے حوالے سے معلومات کب تک حاصل ہوں گی؟

ڈائنامک سروے 30 ستمبر، 2024 تک جاری رہے گا۔ اکتوبر 2024 میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سروے میں حصہ لینے والے خاندانوں کی اہلیت کی جانچ پڑتال مکمل کرے گا جس کے بعد پروگرام میں اہل گھرانوں کو ان کی اہلیت کے حوالے سے پیغامات 8171 سے ارسال کیے جائیں گے۔

بے نظیر ڈائنامک سروے کی فیس کیا ہے؟

بے نظیر ڈائنامک سروے کی کوئی فیس نہیں۔ اگر آپ سے سروے میں شمولیت کے لیے کوئی فیس مانگی جائے تو فوری طور پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ہیلپ لائن 080026477 پر رابطہ کرکے اپنی شکایت درج کریں۔

کیا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے آن لائن رجسٹریشن کی جاسکتی ہے؟

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام آن لائن ، کال یا ایس-ایم-ایس کے ذریعے سروے نہیں کرتا۔ ڈائنامک سروے صرف بے نظیر تحصیل دفاتر میں کیا جاتا ہے۔

براہ مہربانی، آن لائن کسی بھی ایسی ویب سائٹ پہ جو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام یا احساس پروگرام کا نام استعمال کررہی ہو اپنی معلومات نا جمع کریں۔ نا ہی کال یا میسج پر اپنی معلومات کسی ایسے فرد کے ساتھ نا شئیر کریں جو کہ خود کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نمائندہ ظاہر کرتا ہو۔

بے نظیر کفالت پروگرام کے حوالے سے شکایات کہاں درج کی جاسکتی ہیں؟

اگر آپ کو بے نظیر کفالت پروگرام  یا پورے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے کسی بھی قسم کی شکایت ہو تو آپ پروگرام کی ہیلپ لائن 080026477 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ آپ اپنی شکایات آن لائن پاکستان سٹیزن پورٹل پر درج کرسکتے ہیں یا وفاقی محتسب کے دفتر میں ان کی ویب سائٹ کے ذریعے سے براہ راست شکایت درج کرسکتے ہیں۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تصدیق شدہ آن لائن چینل کون سے ہیں؟

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تصدیق شدہ سرکاری آن لائن چینل درج ذیل ہیں،

mceclip0.png

آفیشل ویب سائٹ

https://bisp.gov.pk/
mceclip1.png

یوٹیوب چینل

https://www.youtube.com/@bisp_pakistan
mceclip2.png

ٹک ٹاک اکاوئنٹ

https://www.tiktok.com/@bisp_pakistan
mceclip3.png

فیس بک پیج

https://www.facebook.com/officialbisp/
mceclip4.png

وٹس ایپ چینل

https://www.whatsapp.com/channel/0029VaL06DJ9Bb602I388U2l
mceclip5.png

ٹوئیٹر/ ایکس ہینڈل

https://twitter.com/bisp_pakistan
mceclip7.png

انسٹاگرام اکاوئنٹ

https://www.instagram.com/bisp_pakistan/

اپنے سوال بولو کو بھیجیں!

پاکستان میں موجود سماجی بہبود، کم آمدنی والے گھرانوں خاص طور پر خواتین کی مالی امداد اور دیگر خدمات کے حوالے سے معلومات حاصل کرنے کے لئے آپ ہمیں ہمارے فیس بک پیج یا ہماری ویب سائٹ پرموجود چیٹ باکس کے ذریعے نجی پیغام بھیج سکتے ہیں۔ ہماری ٹیم پیر تا جمعہ صبح 9:00 بجے سے شام 5:00 بجے تک سوالات کے جوابات دیتی ہے۔