عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق، مکمل طور پر ویکسین شدہ افراد کے لیے کورونا وائرس کی اضافی خوراک، یعنی بوسٹر ڈوز وائرس کے خلاف قوت مدافعت قائم رکھنے کے لئے موثر ہے۔ یہ اضافی خوراک اُن افراد کے لئے ہے جنہوں نے کورونا ویکسینیشن کی پہلی منظور شدہ خوراک کا کورس مکمل کر لیا ہو۔ اِس کی وجہ یہ ہے کہ سائنسی تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس کے خلاف قوت مدافعت ایک خاص شرح سے نیچے گرجاتی ہے۔ لہٰذا، بوسٹر ڈوز کا مقصد وائرس کے خلاف موثر قوت مدافعت قائم رکھنا ہے۔
اِس مضمون میں ہم پاکستان میں دستیاب بوسٹر ڈوز کے لئے موجود ویکسینز اور اضافی خوراک لگوانے کے لئے حکومتِ پاکستان کی جانب سے وضع کردہ طریقہ کار بیان کریں گے۔
حکومتِ پاکستان کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز اُن افراد کو فراہم کر رہی ہے جنہوں نے 6 ماہ قبل اپنا پہلا کورونا ویکسینیشن کورس مکمل کر لیا ہے۔ جس کا مطلب ہے کہ انہوں نے یا تو دو خوراک والی کورونا ویکسین کی دونوں ڈوز لگوا لی ہوں اور اُنہیں دوسری ڈوز کے بعد 6 ماہ گزر چکے ہوں، یا ایک ہی خوراک والی ویکسین کی واحد ڈوز حاصل کئے 6 ماہ گزر چکے ہوں۔
کورونا ویکسین بوسٹر ڈوز کے لیے اہل افراد
کورونا وائرس بوسٹر خوراک کے لیے اہل افراد میں درج ذیل شامل ہیں:
- وہ افراد جن کی عمر 18 سال سے زیادہ ہے۔
- وہ افراد جن کی قوت مدافعت کمزور ہو، جیسے کینسر، ذیابیطس، اور بعض دیگر بیماریوں سے متاثر شدہ افراد۔
- صحت کے شوبے سے تعلق رکھنے والے ہیلتھ کیئر یا فرنٹ لائن ورکرز۔
- وہ افراد جو بیرون ملک سفر کر رہے ہیں اور میزبان ملک میں داخل ہونے کے لیے انہیں ایک خاص برانڈ کی ویکسین درکار ہے۔ ایسے افراد اپنی ضرورت کے مطابق 28-21 دن کے وقفے کے ساتھ ایک یا دو بوسٹر ڈوز لگوا سکتے ہیں۔
بوسٹر ڈوز کے لیے کون سی ویکسینز دستیاب ہیں؟
حکومتِ پاکستان اس وقت، فائزر، موڈرنا، ایسٹرا زینیکا، سینوویک-کورونا ویک اور سائنو فارم کی ویکسینز بوسٹر ڈوز کے طور پر فراہم کر رہی ہے۔ آپ اپنے بوسٹر شاٹ کے لیے پہلے لی گئی ویکسین یا کسی مختلف ویکسین برانڈ کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
دستیاب ویکسینز اور اُن کی افادیت کے بارے میں تفصیلات جاننے کے لیے آپ ہمارا یہ مضمون پڑھ سکتے ہیں: 'پاکستان میں دستیاب کورونا ویکسینز کے لیے اہم ہدایات'۔
بوسٹر خوراک حاصل کرنے کا طریقہ کار
بوسٹر ڈوز لگوانے کے لیے آپ اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) کے ہمراہ کسی بھی کورونا ویکسینیشن سینٹر (سی وی سی) جا سکتے ہیں۔ سنٹر پہنچ کر ویکسین فارم پر کریں، کاؤنٹر پر اپنا شناختی کار دکھائیں، وہ ویکسین منتخب کریں جو آپ لینا چاہتے ہیں اور سنٹر میں موجود ہیلتھ آفیسر سے ویکسین لگواائین۔
اپنے قریبی کورونا ویکسینیشن سنٹر کو تلاش کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
ویکسینیشن کے عمل کے بارے میں تفصیلات جاننے کے لئے یہاں کلک کریں۔
اپنی بوسٹر ڈوز کے اندراج کو چیک کریں
یہ چیک کرنا ضروری ہے کہ آیا آپ کو بوسٹر ڈوز کی خوراک موصول ہونے کے فوراً بعد نیشنل امیونائزیشن مینجمنٹ سسٹم (این آئی ایم ایس) ڈیٹا بیس میں آپ کے کورونا بوسٹر ڈوز کی تفصیلات کو اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔ آپ اپنا شناختی کارڈ نمبر 1166 پر ٹیکسٹ کر کے اسے چیک کر سکتے ہیں۔ اگر ڈیٹا اپ ڈیٹ نہ ہو، تو آپ ویکسینیشن سنٹر سے اپنے ڈیٹا کے اندراج کی درخواست کر سکتے ہیں۔
نوٹ: بعض اوقات آپ کے ریکارڈ کو اپ ڈیٹ ہونے میں 7-5 دن لگتے ہیں۔ اگر اس میں اس سے زیادہ وقت لگ رہا ہے، تو ہم تجویز کرتے ہیں کہ آپ 1166 پر 'صحت حفاظت ہیلپ لائن' پر کال کریں یا ڈیٹا انٹری کی درخواست دینے کے لیے ویکسینیشن سنٹر جائیں۔
بوسٹر ڈوز کی معلومات کے ساتھ اپنا کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ حاصل کریں
آپ اپنا تازہ ترین کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ درج ذیل طریقوں سے حاصل کر سکتے ہیں۔
1. نیشنل امیونائزیشن مینجمنٹ سسٹم (این آئی ایم ایس) کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن ویکسینیشن سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔
2. پاک کوویڈ-19 ویکسینیشن پاس ایپلیکیشن کے ذریعے اپنا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔
3. یہ ایپ اِس لنک سے گوگل پلے اسٹور یا اِس لنک سے ایپل ایپ اسٹور سے حاصل کی جا سکتی ہے۔
آپ کے قریبی نادرا سینٹر سے بھی بوسٹر ڈوز کی معلومات کے ساتھ آپ اپنا کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ آپ اس فہرست سے نادرا سینٹر کے لیے قریب ترین سنٹر تلاش کر سکتے ہیں۔
پاکستان میں کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے بارے میں تفصیل سے پڑھنے کے لیے، آپ ہماری ویب سائٹ پر یہ مضمون پرھ سکتے ہیں: 'پاکستان میں کوویڈ۔19 ویکسینیشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لئے ہدایات'۔
صحت تحفظ ہیلپ لائن
اگر آپ کو اپنی کورونا ویکسین کی بوسٹر خوراک حاصل کرنے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا ہے یا پاکستان میں کورونا وائرس سے متعلق آپ کا کوئی سوال ہے تو آپ صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 پر کال کر سکتے ہیں۔
اپنے سوال بولو کو بھیجیں!
کیا آپ کے پاس کورونا وائرس سے متعلق سروسز، کورونا ویکسینیشن، یا اپنی ویکسینیشن کی حیثیت کو ثابت کرنے کے لیے کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے حصول کے بارے میں کوئی سوال ہے؟ ملک میں مختلف سروس آپشنز پر ذاتی رہنمائی حاصل کرنے کے لیے، آپ ہمیں بولو فیس بک پیج پر ایک نجی پیغام بھیج سکتے ہیں۔ ہماری ماڈریٹرز کی ٹیم پیر سے جمعہ صبح 9:00 بجے سے شام 5:00 بجے تک سوالات کا جواب دیتی ہے۔