18 سال سے زائد عمر کے تمام شہریوں کو ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہے، یہ حق پاکستان کے آئین اور اقواِم متحدہ کے انسانی حقوق کے عالمی منشور کے تحت دیا گیا ہے۔ اگر آپ 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے پاکستانی شہری ہیں، آئین پاکستان اور الیکشن ایکٹ 2017کے مطابق، آپ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے آئندہ عام انتخابات میں ووٹ ڈال سکتے ہیں۔

302.png

اس مضمون میں، ہم ووٹنگ کے عمل کے مختلف مراحل کی وضاحت کریں گے جن میں اہلیت کے معیار اور ووٹنگ کے طریقہ کار پر مرحلہ وار گائیڈ شامل ہیں۔ 

ووٹ ڈالنے کے لیے اہلیت

پاکستان میں ووٹ دینے کے اہل ہونے کے لیے، آپ کو درج ذیل معیارات پر پورا اترنا ہوگا،

  • آپ کی عمر 18 سال یا اس سے زیادہ ہونی چاہیے،
  • آپ کے پاس نادرا پاکستان کی طرف سے جاری کردہ کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC) ہونا چاہیے،
  • اور آپ کو کسی بھی عدالت نے ذہنی طور پر پاگل قرار نہیں دیا ہو۔ 

اگر آپ کی عمر 18 سال یا اس سے زیادہ ہے اور آپ کے پاس نادرا کا جاری کردہ CNIC کارڈ

ہے، تو آپ الیکشن کمیشن کے ذریعے ووٹنگ کے لیے خود بخود رجسٹرڈ ہو جاتے ہیں۔

 

الیکشن کے دن سے پہلے کچھ ضروری ہدایات

اگر آپ عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں، تو آپ کو انتخابات کے دن سے پہلے درج ذیل اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ انتخابات کے دن ووٹ ڈالنے کے لیے آپ کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے،

ألف. اپنے ووٹر رجسٹریشن کی تصدیق کریں

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ECP) نادرا کے تعاون سے عوام کے لیے ایس ایم ایس سروس فراہم کرتا ہے تاکہ وہ اپنی رجسٹریشن چیک کر سکیں اور اپنے ووٹنگ کے حلقے/علاقے کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں۔ 

آپ اپنا شناختی کارڈ نمبر درج کرکے اور اپنے موبائل فون کے ذریعے 8300 پر ایس-ایم-ایس بھیج کر  یہ معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ پیغام بھیجنے کے بعد، آپ کو الیکشن کمیشن سے درج ذیل معلومات موصول ہوں گی،

  •  آپ کا بلاک کوڈ
  •  ووٹر لسٹ میں آپ کا  سیریل نمبر
  • آپ کا  فیملی نمبر
  • آپ کا  قومی اور صوبائی اسمبلی کا حلقہ نمبر
  •  آپ کے پولنگ اسٹیشن کا پتہ

یہ معلومات اہم ہے، اور آپ کو اسے اپنے فون میں یا کاغذ کے ٹکڑے پر لکھ کر اپنے پاس محفوظ کرنا چاہیے۔

آپ اپنی ووٹنگ کی تفصیلات چیک کرنے کے لیے اپنے ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن  دفتر بھی جا سکتے ہیں۔ اپنے ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفس کا پتہ حاصل کرنے کے لیے، آپ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ چیک کر سکتے ہیں.

ب. غلطی کی صورت میں اپنے ووٹر کی تفصیلات کو درست کریں

آپ اپنی ووٹنگ کی تفصیلات میں تبدیلی یا اصلاح کے لیے ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفس میں درخواست دے سکتے ہیں۔

نوٹ: چونکہ 8 فروری 2024 کے انتخابات کے لیے ووٹر لسٹیں شائع ہو چکی ہیں، الیکشن کمیشن فی الوقت ووٹر کی تفصیلات میں تبدیلی کے لیے درخواستیں موصول نہیں کر رہا۔

ج. اپنا شناختی کارڈ تیار کریں اور اپنے پولنگ اسٹیشن کا پتہ تلاش کریں

اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے پاس آپ کا اصل شناختی کارڈ موجود ہے۔ اگر آپ کا شناختی کارڈ گم ہو گیا ہے تو آپ اپنے قریبی کسی بھی نادرا سروس سینٹر سے نیا  شناختی کارڈ حاصل کر سکتے ہیں۔

شناختی کارڈ کی تجدید کے بارے میں تفصیل سے پڑھنے کے لیے آپ ہماری ویب سائٹ پر یہ مضمون دیکھ سکتے ہیں۔

نوٹ: اصل شناختی کارڈ کے علاوہ کوئی اور دستاویز، جیسے کہ ڈرائیونگ لائسنس یا پاسپورٹ، درست شناختی دستاویز نہیں سمجھا جائے گا، یہاں تک کہ شناختی کارڈ کی سوفٹ یا رنگین کاپیاں بھی درست نہیں ہیں۔ اگر آپ کے شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہو چکی ہے وہ قابلِ قبول ہے۔

  • اس بات کو یقینی بنانے کے علاوہ کہ آپ کے پاس اپنا شناختی کارڈ موجود ہے، آپ کو اپنے پولنگ اسٹیشن کا پتہ ہونا چاہیے۔ اگر آپ کا پولنگ اسٹیشن قریب ہے تو آپ وہاں پیدل جا سکتے ہیں۔ اگر دور ہے، تو آپ کو پولنگ اسٹیشن تک ٹرانسپورٹ کا بندوبست کرنا چاہیے تاکہ آخری لمحات میں مشکلات سے بچا جا سکے۔

تجویز:  اپنے پڑوسیوں کے ساتھ کارپولنگ آپ کے پولنگ سٹیشن تک جانے کا ایک تفریحی اوربچت کا  طریقہ ہو سکتا ہے۔

  • انتخابات کے دن سے پہلے ان امیدواروں کے نام اور نشان کی تصدیق اور نوٹ کر لیں جنہیں آپ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے لیے ووٹ دینا چاہتے ہیں۔

الیکشن کے دن کے لیے کچھ ضروری ہدایات

 

الیکشن کے دن، آپ کو یہ یقینی بنانے کے لیے درج ذیل اقدامات کرنے ہوں گے کہ آپ اپنا ووٹ بروقت اور صحیح طریقے سے ڈالیں،

ألف. پولنگ اسٹیشن پہنچنے سے پہلے

Voting Process - Urdu (1)-01.jpg

i. ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہو کر شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

ii. اپنا شناختی کارڈ اور ووٹنگ کی تفصیلات حاصل کریں تاکہ پولنگ عملے کو ووٹر لسٹ میں آپ کا نام تلاش کرنےمیں آسانی ہو۔

iii. اگر آپ کو پولنگ اسٹیشن پر ووٹ ڈالنے کے لیے اپنی باری کے لیے باہر لائن میں انتظار کرنا پڑے تو پانی کی بوتل اور اسنیکس ساتھ لے جایئں۔

iv. ایک بار جب آپ اپنے پولنگ اسٹیشن پر پہنچ جائیں تو باہر لائن میں انتظار کریں۔ ای سی پی کا عملہ آپ کی سہولت کے لیے وہاں موجود ہوگا۔

نوٹ: براہِ مہربانی، الیکشن کے دن صبر اور تحمل کا مظاہرہ کریں۔ اور ووٹنگ کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کے عملے کی ہدایات پر بھر پور طریقے سے عمل کریں۔ لائنوں کو توڑ نے اور غیر ضروری رکاوٹ  بنانے سےووٹنگ کا عمل میں تاخیر کا شکار ہوسکتا ہے اور اتقص امن کا باعث بن سکتا ہے۔

اس کے علاوہ، اگر آپ کسی بزرگ، بیمار، معذور افراد (PWDs)، حاملہ خواتین یا چھوٹے بچوں والی مائیں دیکھتے ہیں، تو انہیں لائن میں آگے بڑھنے کیا موقع دیں تاکہ وہ آسانی سے ووٹ ڈال سکیں۔

v. جب آپ کی ووٹ ڈالنے کی باری ہوگی، ووٹنگ کا عملہ آپکو اس ہال میں داخل ہونے کی  اجازت دے گا جہاں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔

 ب. ووٹ ڈالنے سے پہلے

Voting Process - Urdu (2)-01.jpg

vi. جب آپ کو پولنگ آفیسر بلائے تو انہیں اپنا اصل شناختی کارڈ اور ووٹنگ کی تفصیلات دکھائیں تاکہ وہ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی ووٹر لسٹ سے آپ کی تفصیلات کی تصدیق کر سکیں۔

vii. تصدیق کے بعد، پولنگ آفیسر آپ کے ووٹنگ کی تفصیلات کو بلند آواز سے پکارے گا تاکہ پولنگ اسٹیشن میں موجود پولنگ ایجنٹ آپ کا نام ووٹر لسٹ سے کاٹ دیں۔

viii. اس کے بعد پولنگ آفیسر قومی اور صوبائی ووٹنگ لسٹ میں آپ کی تصویر اور نام کے سامنے آپ کے انگوٹھے کا نشان لگانے میں آپ کی مدد کرے گا۔

نوٹ: ووٹر لسٹ میں خواتین ووٹرز اپنے دائیں انگوٹھے کے نشان جبکہ مرد ووٹرز اپنے بائیں انگوٹھے کے نشان لگاتے ہیں۔

ix. آپ کے انگوٹھے کے نشانات لینے کے بعد، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی دونوں کی ووٹر لسٹوں سے آپ کا نام کاٹ دیا جائے گا۔ اور آپ کو اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسر (ز) کی طرف رہنمائی کی جائے گی۔

x. پہلا اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسر قومی اسمبلی کے لیے سبز بیلٹ پیپر پر آپ کے انگوٹھے کے نشان لینےمیں مدد کرے گا، اس پر مہر لگاکے اور پچھلی جانب اس پر دستخط کرکے بیلٹ پیپر آپ کے حوالے کرےگا۔

Voting Process - Urdu (3)-01.jpg

xi. قومی اسمبلی کے لیے سبز بیلٹ پیپر حاصل کرنے کے بعد، آپ کو دوسرے اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسر کی طرف رہنمائی کی جائے گی۔

xii. دوسرا اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسر صوبائی اسمبلی کے لیے سفید بیلٹ پیپر پر آپ کے انگوٹھے کے نشان لے گااور پچھلی طرف اس پر مہر لگا کر دستخط کر دے گا۔

xiii. اس کے بعد دوسرا اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسر آپ کو سفید بیلٹ پیپر دے گا اور ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ بوتھ کی طرف آپ کی رہنمائی کرے گا۔

نوٹ: اپنے ووٹ کو خفیہ رکھنا آپ کا حق بھی ہے اور آپ کی ذمہ داری بھی۔ اگر کوئی آپ کو ووٹ ڈالنے کے دوران کوئی فرد بھی کسی خاص امیدوار کو ووٹ دینے کے لیے مجبور کرنے کی کوشش کرتا ہے، تو فوراً پولنگ عملے کو اس کی اطلاع دیں۔

اس کے علاوہ، الیکشنز ایکٹ 2017 کے مطابق، کسی بھی ووٹر کو ووٹ ڈالنے کے دوران رکاوٹ ڈالنا یا کسی خاص امیدوار کو ووٹ دینے کے لیے کسی بھی طریقے سے مجبور کرنا غیر قانونی ہے۔ یہ اعلان کرنا بھی غیر قانونی ہے کہ آپ نے کس کو ووٹ دیا ہے۔

ج. ووٹ ڈالنے کا عمل

Voting Process - Urdu (4)-01.jpg

xiv. پولنگ بوتھ کے اندر آنے کے بعد، دونوں بیلٹ پیپرز پر اپنی پسند کے امیدوار کے نام یا انتخابی نشان پر مہر لگائیں۔ یہ یقینی بنائیں کہ آپ  کی مہر ٹھیک جگہ لگی ہےجہاں آپ کے امیدوار کا نام اور انتخابی نشان پرنٹ کیا گیا ہے۔

xv. ہر بیلٹ پیپر پر صرف ایک بار مہر لگائیں۔ اگر آپ بیلٹ پیپر پر متعدد جگہوں پر مہر لگاتے ہیں تو آپ کا ووٹ شمار نہیں کیا جائے گا۔

xvi. بیلٹ پیپرز پر مہر لگانے کے بعد، اس بات کو یقینی بنائیں کہ سیاہی سوکھ گئی ہے اور پھر ہر بیلٹ پیپر کو لمبائی پر فولڈ کریں تاکہ سیاہی بیلٹ پیپر کے کسی دوسرے حصے پر نہ لگے۔

xvii. اپنے بیلٹ پیپرز کو فولڈ کرنے کے بعد، اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسر کو اسٹامپ واپس کریں اور اپنا شناختی کارڈ واپس لے لیں۔

xviii. پھر اس میز کی طرف بڑھیں جہاں بیلٹ بکس رکھے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی کے لیے سبز بیلٹ پیپر سبز ڈھکن کے ساتھ بیلٹ باکس میں اور صوبائی اسمبلی کے لیے سفید بیلٹ پیپر سفید ڈھکن والے بیلٹ باکس میں ڈالیں۔

xix. اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد خاموشی سے پولنگ اسٹیشن سے نکل جائیں۔

بینائی سے محروم افراد کے لیے ووٹنگ

اگر آپ بینائی سے محروم ہیں، تو آپ ووٹ ڈالنے میں آپ کی مدد کے لیے کسی قابل اعتماد شخص (پاکستانی شہری جس کی عمر 18 سال سے زیادہ ہے اور اس کے پاس شناختی کارڈ موجود ہو) کو ساتھ لے جا سکتے ہیں۔

الیکشن پریذائیڈنگ آفیسر اس شخص کا شناختی کارڈ چیک کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے جو ووٹنگ کے عمل میں آپ کی مدد کررہاہو۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رابطہ کریں

اگر آپ کو انتخابی عمل کے بارے میں کوئی شکایت ہے تو آپ اپنی شکایت الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درج کر سکتے ہیں۔ شکایات درج کرنے کے لیے آپ درج ذیل نمبر پر کال کریں 

051-111-327-000

یا واٹس ایپ پر

0327-5050610

سماعت سے محروم افراد کے لیے شکایت کا طریقہ کار

اگر آپ سماعت سے محروم ہے اور آپ کو اووٹنگ یا اس سے جوڑے دیگر أمور کے حوالے سے کوئی مسئلہ یا مشکل درہیش ہے تو آپ اپنی شکایت وڈیو کے طور پر بنا کر الیکشن کمیشن واٹس ایپ کے ذریعے سے بھیج سکتے ہیں۔

بولو سے پوچھیں

اگر آپ کے پاس پاکستان میں سرکاری اور نجی خدمات سے متعلق کوئی سوال ہے تو آپ ہمیں ہمارے فیس بک پیج پر یا ہماری ویب سائٹ چیٹ باکس کے ذریعے پیغام بھیج سکتے ہیں۔ ہماری ٹیم پیر تا جمعہ صبح 9:00 بجے سے شام 5:00 بجے تک سوالات کے جوابات دیتی ہے۔