قانونی شناختی کارڈ کسی شخص کی قانونی رجسٹریشن اور دستاویزات کے لئے استعمال ہوتا ہے۔ جو 18 سال یا اِس سے زائد عمر کے شہریوں کو اپنے ملک میں سرکاری خدمات اور دیگر سہولیات تک رسائی حاصل کرنے میں مدد دیتا ہے۔
قومی شناختی کارڈ میں موجود معلومات
اِس کارڈ میں شہری کا نام، پتہ، ولدیت، تاریخ پیدائش اور بائیو میٹرک معلومات کے ساتھ ایک شناختی نمبر شامل ہوتا ہے۔ یہ منفرد نمبر ہر شہری کے لئے الگ ہوتا ہے اور کبھی کسی اور شہری کو نہیں دیا جاتا۔
قومی شناختی کارڈ کی اہمیت
ملک کے کسی شہری کے ووٹ ڈالنے، معاشرتی بہبود کی سہولیات تک رسائی، موبائل سم رجسٹریشن، بینک اکاونٹ کھولنے، بیرون ملک سفر اور وراثت کے حقوق میں حصے کے لئے قومی شناختی کارڈ کا حصول ضروری ہے۔
درخواست دائر کرنے کا طریقہ کار
آپ اپنے سی این آئی سی کے لئے پورے پاکستان میں واقع نادرا رجسٹریشن مراکز (این آر سی) میں پاک آئی-ڈی ویب سائٹ یا موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔ آپ اپنا قریبی رجسٹریشن سنٹر نادرا کی رہبر ایپ کے ذریعے سے معلوم کرسکتے ہیں۔
اِس مضمون میں، ہم آپ کو پاکستان میں قومی شناختی کارڈ کے حصول کے لئے معلومات فراہم کریں گے۔
مطلوبہ دستاویزات
شناختی کارڈ حاصل کرنے کے لیے مطلوبہ دستاویزات درج ذیل ہے،
۱۔ جب والدین یا خون کے رشتہ دار موجود ہو
جب والدین یا خون کے رشتہ داروں میں سے کوئی آپ کے ہمراہ موجود ہو تو ایسے رشتہ دار کا کارڈ یا اِس کی نقل کے ساتھ درخواست دہندہ کی موجودگی ضروری ہے۔ تاکہ کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ فارم کی بائیو میٹرک تصدیق کی جا سکے۔ یہ تصدیق آپ کے لئے آپ کے ہمراہ آپ کا رشتہ دار کرے گا۔
۲۔ جب والدین یا جون کے رشتہ دار موجود نا ہو
اگر آپ کے ساتھ والدین یا خون کے رشتہ داروں میں سے کوئی نادرا کے مرکز میں موجود نہ ہو تو آپ اُن کا کارڈ یا اِس کی نقل، اپنا چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ب فارم) یا میٹرک کی ڈگری (یا اِس کے برابر کی سند) یا مارک شیٹ کے ہمراہ سنٹر جا سکتے ہیں۔ اِس صورت میں آپ کو اپنا فارم جمع کروانے سے پہلے گزیٹڈ آفیسر (گریڈ 16 یا اس سے اوپر) سے فارم کی تصدیق کروانا ہوگی۔
۳۔ اگر آپ کے والدین یا خونی رشتہ دار کے شناختی کارڈ کے حامل ہو لیکن نقل آپ کے پاس موجود نا ہو
اگر آپ کے پاس اپنے خون کے رشتہ دار کا کارڈ یا اِس کی نقل موجود نہیں تو آپ حلف نامے کے ساتھ بائیو میٹرک گواہ اور کیس آفیسر کو مطمئن کرنے کے لئے انٹرویو کے ذریعے اپنا شناختی کارڈ حاصل کر سکتے ہیں۔ اِس صورت میں آپ کو اپنا فارم جمع کروانے سے پہلے گزیٹڈ آفیسرسے فارم کی تصدیق کروانا ہوگی۔
قومی شناختی کارڈ کے لئے درخواست کی ہدایات
آپ قریبی نادرا رجسٹریشن سنٹر (این آر سی) میں جاکر اور ذیل میں دیئے گئے اقدامات پر عمل کرکے قومی شناختی کارڈ کے لئے درخواست دے سکتے ہیں:
آپ کو ایک ٹوکن جاری کیا جائے گا۔ جب تک آپ کے ٹوکن اور کاؤنٹر نمبر کا اعلان نہیں ہوتا تب تک اپنی باری کا انتظار کریں۔
آپ کی تصویر لی جائے گی، اس کے بعد انگلیوں کے نشانات اور دستخط ہوں گے۔
آپ کے جائزہ لینے کے لئے فارم پرنٹ کیا جائے گا جس کو پیش کرنے سے پہلے کسی گزٹیٹ آفیسر کے ذریعہ اِس کی تصدیق کرنی ہوگی۔
نوٹ: اگر باپ، ماں، بھائی، بہن، بیٹا یا بیٹی آپ کے ساتھ سنٹر میں موجود ہیں تو وہ بائیو میٹرک تصدیق کرکے فارم کی تصدیق کر سکتے ہیں۔
شناختی کارڈ کی درخواست جمع کروانے کے بعد اپنا قومی شناختی کارڈ حاصل کرنے میں 9 سے 31 دن لگتے ہیں۔ آپ کو شناختی کارڈ ملنے والے دنوں کی تعداد کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ آیا آپ نے عمومی، ارجنٹ یا ایگزیکٹو سروس کے لئے اندراج کیا ہے۔
قومی شناختی کارڈ کے لئے فیس کا ڈھانچہ وقتاً فوقتاً تبدیل ہوتا ہے۔ فیس کی تفصیلات نادرا کی ویب سائٹ پر دیکھیں۔ رجسٹریشن کے عمل کے دوران، آپ اپنے گھر پر کورئیر سروس کے ذریعے اپنا شناختی کارڈ حاصل کرنے کا بھی انتخاب کرسکتے ہیں۔
اپنے سوال بولو کو بھیجیں!
کیا آپ کا قومی شناختی کارڈ کے حصول سے متعلق کوئی سوال ہے؟ پاکستان میں شناختی دستاویزات سمیت ملک میں مختلف سہولیات کے بارے میں رہنمائی حاصل کرنے کے لئے، آپ ہمیں بولو فیس بک پیج پر ایک نجی پیغام بھیج سکتے ہیں۔ بولو ٹیم پیر سے جمعہ، صبح 9 سے دوپہر 5 بجے تک پیغامات کا جواب دیتی ہے۔