ب-فارم جس کے لیے چائلڈ رجسٹریشن سرٹفکیٹ کی اصطلاح بھی استعمال ہوتی ہے ایک اہم سرکاری دستاویز ہوتی ہے جو ایک بچے کے قانونی شناخت کی ضامن ہوتی ہے۔ پاکستان میں نادرا اٹھارہ  سال سے کم عمر بچوں کو ب-فارم جاری کرتا ہے جس کی بنیاد پر اٹھارہ سال کی عمر میں شناختی کارڈ جاری ہوتا ہے۔

اس مضمون میں ہم ب-فارم کی اہمیت اور اس کے حصول کے طریقہ کار پر بات کریں گے۔

12.png

ب-فارم کی اہمیت

ب-فارم ایک نہایت ہی اہم دستاویز ہے کیوں کہ یہ نا صرف ایک بچے کی قانونی شناخت قائم کرتا ہے بلکہ اس کے ذریعے سے بچے مختلف خدمات تک رسائی بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

1۔ بچے کی شناخت اور شہریت کی دستاویز

ب-فارم نا صرف ایک بچے کی پیدائش کی سرکاری سند کے طور پر استعمال ہوتی ہے بلکہ یہ پاکستانی شہریت اور پہچان کی ضامن بھی ہے۔ ب-فارم میں بچے کی اہم معلومات جیسے کہ اس کا نام، تاریخ پیدائش، جائے پیدائش اور ولدیت ہوتی ہیں۔

2۔ تعلیمی داخلہ

پاکستان میں سکول داخلے کے لیے ب-فارم بنیادی دستاویز گردانی جاتی ہے۔ ب-فارم کے بغیر بچوں کو سکول میں داخلے کے حوالے سے دشواری کا سامنا ہوتا ہے جو کہ ان کے مستقبل پر منفی اثرات کا باعث ہوسکتا ہے۔

نوٹ: ب-فارم کے ذریعے بچے کی نادرا میں رجسٹریشن حکومت کے لیے پاکستان کی آبادی کا ریکارڈ رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے جو کہ منصوبہ بندی اور وسائل کی تقسیم کے لیے ضروری ہے۔

ب-فارم کہاں سے حاصل کیا جاسکتا ہے؟

ب-فارم نادرا کے کسی بھی دفترسے حاصل کی جاسکتا ہے۔ اس کوحصول کے لیے یونین کونسل سے جاری شدہ بچے کی پیدائش کی سند جمع کرانا ضروری ہے۔ بچے کی پیدائش کی سند کے علاوہ نادرا سنٹر پر موجود والد یا والدہ کا شناختی کارڈ ہونا لازم ہے۔

آپ اپنا قریبی نادرا سنٹر نادرا کی ویب سائٹ کے ذریعے سے ڈھونڈ سکتے ہیں۔ یا آپ اپنے فون پر نادرا رہبر ایپ ڈاون لوڈکرکے اس کے ذریعے سے اپنے قریبی سنٹر کی معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

اینڈرائڈ فون استعمال کرنے والے پلے سٹور سے رہبر ایپ ڈاون لوڈ کرسکتے ہیں۔ جب کہ آئی-فون استعمال کرنے والے رہبر ایپ ایپل سٹور سے حاصل کرسکتے ہیں۔

ب-فارم  کے لیے مطلوب دستاویزات

ب-فارم کے لیے درخواست دینے سے پہلے آپ کو بچے کی پیدائش کی سند حاصل کرلینے چاہیے۔

بچے کی پیدائش کی سند آپ اپنے یونین کونسل کے دفتر سے حاصل  کرسکتے ہیں۔ بچے کی پیدائش کی سند حاصل کرنے کے لیے آپ کو درج ذیل دستاویزات یونین کونسل دفتر میں جمع کرانی ہوں گی،

  • مکمل درخواست فارم [یہ درخواست فارم آپ کو یونین کونسل کے دفتر سے مل سکتا ہے]،
  • درخواست گزار کے شناختی کارڈ کی کاپی،
  • ہسپتال یا دائی  کی طرف سے جاری شدہ بچے کی پیدائش کی سند ،
  • بچے کی بنیادی حفاظتی ٹیکہ جات کا کارڈ،
  • درخواست کی فیس۔

یونین کونسل سے پیدائش کے سند کے حصول کا دورانیہ درج ذیل ہے،

  • عام رجسٹریشن کی صورت میں 3 دن کا وقت،
  • تاخیر سے رجسٹریشن کی صورت میں سات دن کا وقت [ایسے بچے کی رجسٹریشن جس کی عمر 61 دن سے 7 سال کے درمیان ہو]
  • سات سال سے زائد عمر کے بچے کی رجسٹریشن کے لیے 20 دن

یونین کونسل سے بچے کی پیدائش کی سند حاصل کرنے کے بعد آپ نادرا سنٹر پر ب-فارم کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

نوٹ: درخواست دینے کے لیے بچے کے والدین میں سے کسی ایک یا بچے کے سرپرست کا ہونا لازم ہے۔

اگر بچے کے والدین ملک سے باہر ہیں یا انتقال کرگئے ہیں تو بچے کا خونی رشتہ دار بچے کے ب-فارم کے لیے درخواست دائر کرسکتا ہے۔ اس صورت میں بچے عدالت سے جاری کردہ سرپرستی کی سند [گارڈین سرٹفکیٹ] داخل کرانا لازمی ہے۔ اگر بچے کے والدین کا انتقال ہوگیا ہو تو ان کا وفات کی سند [ڈیتھ سرٹفکیٹ} لگانا بھی لازمی ہے۔

ب-فارم کی درخواست داخل کرنے کے مراحل

آپ اپنے بچے کے ب-فارم کے لیے درخواست اپنے قریبی نادرا سنٹر پر جمع کراسکتے ہیں۔ درخواست دائر کرنے کا طریقہ کار درج ذیل ہے۔

۔ آپ کو نادرا دفتر کے استقبالیہ پر ٹوکن جاری ہوگا۔ ٹوکن لے کر انتظار گاہ میں اپنے باری کا انتظار کریں،

۔ جب آپ کی باری آئے گی تو نادرا کا عملہ آپ کا ٹوکن نمبر اور کاوئٹر نمبر کا اعلان کرے گا،

۔ جب آپ اپنے مخصوص کاوئنڑ پر پہنچ جائے تو نادرا کا عملہ آپ سے ضروری کوائف اور دستاویز لے گا اور ان کو سسٹم میں داخل کردے گا،

۔ سسٹم میں کوائف داخل کرنے کے بعد نادرا کا نمائندہ آپ کی انگلیوں کے نشانات کے ذریعے آپ کی تصدیق کرے گا،

۔ جب کوائف سسٹم میں داخل ہوجائے تو نادرا کا عملہ آپ کی درخواست کا پرنٹ لے کر نظر ثانی کے لیے آپ کو فراہم کرے گا۔

نوٹ: اگر آپ بچے کے سرپرست ہیں تو آپ کو فارم کی گیزیٹ آفیسر [17 یا اس سے اوپر گریڈ کا سرکاری دفتر] سے تصدیق کروانے ہوگی۔

ب-فارم کی فیس

ب-فارم کی فیس 50 روپے ہے جس کی حصول کا وقت 31 دن ہے۔ اگر آپ کو ارجنٹ بنیاد [7 دن کے اندر] ب-فارم درکار ہیں تو آپ کو اس کے لیے 500 روپے داخل کرنے ہوں گے۔

نادرا سے رابطہ کریں

اگر آپ کو نادرا ب-فارم یا نادرا کی طرف سے جاری کیے جانے والی کسی بھی دستاویز سے متعلق کوئی بھی سوال ہے یا شکایت ہے تو آپ نادرا کی ہیلپ لائن پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ ہیلپ لائن نمبر درج ذیل ہیں،

موبائل سے: 1777

لینڈ لائن یا بیرون ملک سے: 009251111786100

ای-میل: [email protected]

یا آپ نادرا کی ویب سائٹ پر براہ راست اپنی شکایت درج کرسکتے ہیں۔

نادرا کے آفیشل سوشل میڈیا اکاوئنٹ

اگر آپ نادرا کی سروسز سے متعلق تصدیق شدہ معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو آپ نادر کے آفیشل سوشل میڈیا اکاوئنٹس کو فالو کرسکتے ہیں۔ آفیشل اکاوئنٹس کی معلومات درج ذیل ہیں،

ویب سائٹhttps://www.nadra.gov.pk/ur/ 
وٹس-ایپ چینل https://www.whatsapp.com/channel/0029VaH7JG2I1rckS9XnTg23 
فیس بک پیجhttps://www.facebook.com/nadrapakistan
یوٹیوب چینلhttps://www.youtube.com/@nadraofficial 
ٹوئیٹر/ایکس اکاوئنٹhttps://www.twitter.com/nadrapak 

بولو سے پوچھیں

کیا آپ کا ب-فارم کے حصول سے متعلق کوئی سوال ہے؟ پاکستان میں شناختی دستاویزات سمیت ملک میں مختلف سہولیات کے بارے میں رہنمائی حاصل کرنے کے لئے ، آپ ہمیں بولو فیس بک پیج پر ایک نجی پیغام بھیج سکتے ہیں۔ بولو ٹیم پیر سے جمعہ، صبح 9 بجے سے دوپہر 5 بجے تک پیغامات کا جواب دیتی ہے۔